
بلوچستاب کے ضلع زیارت کے علاقے سنجاوی کے علاقہ میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے ایک اور شخص کی شناخت جبری لاپتہ افرد کے طور پر ہوئی ہے۔ مقتول کی شناخت ملک خیر محمد حسنی کے نام سے ہوئی ہے، جو تحصیل تھل چوٹپالی بنی کوٹ سے تعلق رکھتے تھے اور پانچ ماہ قبل دکی سے لاپتہ ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ افراد ایک مسلح جھڑپ میں مارے گئے جس میں سات مبینہ عسکریت پسند ہلاک اور ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا تھا۔ تاہم اب تک ان میں دو افراد کی شناخت ایسے افراد کے طور پر ہوئی ہے جو پہلے ہی جبری گمشدگی کا شکار تھے۔
قبل ازیں مقابلے میں ہلاک ہونے والوں میں سے ایک کی شناخت گل محمد مری ولد غلام نبی سکنہ ہرنائی کے طور پر کی گئی تھی۔ گل محمد کو 20 دسمبر 2023 کو سنجاوی سے پاکستانی فورسز نے جبری طور پر لاپتہ کیا تھا۔ ان کے اہلِ خانہ نے ان کی گمشدگی کی تفصیلات وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز تنظیم کو فراہم کی تھیں، جس نے یہ کیس لاپتہ افراد کے کمیشن کو بھیجا تھا۔