
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔
پنجگور کے علاقے عیسئی سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت مکرم ولد اکرم کے نام سے ہوئی ہے۔ متوفی کا تعلق پنجگور کے علاقہ وشبود سے بتایا جا رہا ہے۔ مقتول کے قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔
ادھر بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی کے علاقے کلانچ میں زاہد ولد خدابخش نامی شخص کی لاش ملی جسے فوری طور پر آر ایچ سی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاہم مقتول کے قتل کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔
دوسری جانب خضدار کی تحصیل نال میں فائرنگ کے واقعے میں دو سگے بھائی سیف مینگل اور وحید مینگل شدید زخمی ہو گئے۔ دونوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کی وجوہات اور حملہ آوروں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ جبکہ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ادھر سانحہ نوشکی کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ جاں بحق افراد کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت محمد طیب سکنہ غریب آباد کے نام سے ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل نوشکی میں ایک آئل ٹینکر میں آگ بھڑکنے سے 60 سے زائد افراد جھلس گئے تھے، جن میں اب تک پانچ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔