
بلوچستان کے دو مختلف اضلاع سبی اور گوادر میں ہونے والے دھماکوں میں دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
سبی میں اتوار کی شام لائیو اسٹاک ڈپٹی ڈائریکٹر آفس کے قریب کریکر دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی، تاہم دھماکے سے کسی قسم کا جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
دوسری جانب بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے علاقے پسنی میں ہونے والے دھماکے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروہ ‘ڈیتھ اسکواڈ’ سے بتایا جا رہا ہے۔
ہلاک ہونے والوں کی شناخت سلمان ولد منیر سکنہ وارڈ نمبر 1 پسنی اور محمد نواز ولد اعظم ساکن حکیم والا، نزد چورنگی، جوہر آباد کے طور پر ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ اس نوعیت کے حملوں کی ذمہ داری ماضی میں بلوچ آزادی پسند تنظیموں نے قبول کی ہے، تاہم اس حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔