
بلوچستان کے ضلع قلات میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کو حملے میں نشانہ بنایا، جبکہ مسلح افراد فوجی مورچوں کے اندر داخل ہوگئے۔ جبکہ خاران میں مسلح افراد کی جانب سے سی پیک روڈ پر ناکہ بندی کی گئی اور گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے گزشتہ رات قلات کے علاقے شیخڑی میں موڑگند کے مقام پر پاکستانی فورسز کی آؤٹ پوسٹس پر حملہ کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ حملہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا ہے جس کے بعد مسلح افراد نے فورسز کے مورچوں پر قبضہ کر لیا۔
حملے کے نتیجے میں فورسز کو جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
دوسری جانب خاران کے علاقے گواش میں سی پیک روڈ پر مسلح افراد نے ناکہ بندی کر کے گھنٹوں تک گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ تاہم اس دوران کسی جانی نقصان یا گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔
مذکورہ دونوں کارروائیوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔