
بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن مستونگ زون کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ یونیورسٹی آف بلوچستان سب کیمپس مستونگ کی بے وجہ بندش سے تعلیمی عمل شدید متاثر ہے، طلبہ اور والدین بچوں کی مستقبل کو لے کر ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں، نیز، بیف اسکالرشپ لسٹ میں غیر شفافیت، مستحق طلباء کے ساتھ کھلی ناانصافی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور یہ مطالبہ کرتے ہیں جامعہ بلوچستان سب کیمپس مستونگ کو جلد از جلد فعال کیا جائے اور اسکالرشپس میرٹ کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔
ترجمان نے کہا کہ بلوچستان بھر میں تعلیمی نظام کو تباہ کرنے کی نیت سے اداروں میں عسکری قوتوں سمیت انتظامی امور میں کرپٹ عناصر کو بٹھایا گیا ہے، جس سے طلبہ میں خوف و ہراس اور اقرباپروری کی فضا کو طول دے کر روزانہ کی بنیاد پر طلبہ کو ہراساں کیا جاتا ہے، تاکہ بلوچستان کے طلبہ تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ نہ لے سکیں، بی ایس او مستونگ زون طلبہ دشمن تعلیمی استحصال پر تشویش کا اظہار کرتی ہے اور یہ مطالبہ کرتی ہے کہ سب کیمپس کو فوری طور پر فعال کیا جائے اور اسکالرشپ لسٹ کو شفاف بنیادوں پر ازسرنو مرتب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ انظامیہ ان مطالبات پر عمل درآمد نہیں کرتی تو تنظیم احتجاج، قانونی اقدامات اور ہر جمہوری طریقہ کار اپنانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔