
بلوچستان کے اضلاع ڈیرہ بگٹی، آواران اور کیچ میں پاکستانی فورسز نے دس افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ڈیرہ بگٹی سے لاپتہ کیے گئے افراد کی شناخت گل محمد ولد جمعہ بگٹی، گوڑو ولد بخت علی بگٹی، مرید ولد خدا بخش بگٹی، علی خان ولد عمر بخش بگٹی، گولا ولد لالہان بگٹی، مہندرا بگٹی (مقامی ہندو تاجر)، بھلا بگٹی اور جاوید ولد عرض محمد بگٹی کے طور پر ہوئی ہے، جنہیں پاکستانی فورسز نے مختلف چھاپوں کے دوران حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔
دوسری جانب ضلع آواران کے علاقے مشکے میں پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے ایک شخص کو ان کے گھر پر چھاپہ مار کر حراست میں لیا اور جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق لاپتہ ہونے والے شخص کی شناخت نیاز ولد سنگو کے نام سے ہوئی ہے، جو مشکے کے بازار تراتدان کے رہائشی ہیں۔
اسی طرح ضلع کیچ کے علاقے آپسر تربت سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ سیفا ولد مولا بخش کو بھی 20 اپریل 2025 کی رات 9 بجے ان کے گھر کے قریب سے نامعلوم مسلح افراد نے اغواء کر کے جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، سیفا کو زبردستی ایک گاڑی میں ڈال کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔ وہ پیشے کے لحاظ سے ڈرائیور ہیں۔