ہم نے ہر قانونی و آئینی راستہ اپنایا، لیکن ہر موڑ پر ہمیں انصاف نہیں، تذلیل ملی، نادیہ بلوچ

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی بہن نادیہ بلوچ نے کہا ہے کہ آج ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی غیرقانونی قید میں 3MPO کے تحت تیس دن کی مزید توسیع کر دی گئی ہے۔ یہ کیسا انصاف ہے جہاں پُرامن شہریوں کو بغیر جرم قید کیا جاتا ہے اور حقیقی مجرم آزاد گھومتے ہیں یہ کیسا آئین ہے جو سچ بولنے والوں کو سزا دیتا ہے، اور ظلم کرنے والوں کو تحفظ؟

‏انہوں نے کہا کہ یہ ایک مہینہ گزر چکا ہے تکلیف دہ، اذیت ناک تیس دن جب ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو غیرقانونی طور پر 3MPO کے تحت قید کیا گیا۔ اس پورے مہینے میں ہم نے ہر قانونی دروازہ کھٹکھٹایا، ہر آئینی راستہ اپنایا، جو اس ملک کے قانون میں ہمیں حاصل تھا۔ لیکن ہر موڑ پر ہمیں انصاف نہیں، تذلیل ملی۔ عدالتوں نے ہمیں مایوس کیا۔ انصاف کے نظام نے ہمیں ٹھکرا دیا۔ ہر سرکاری دفتر نے نہ صرف بے حسی کا مظاہرہ کیا بلکہ ہمیں طنز و تمسخر کا نشانہ بنایا جیسے روز ہمیں یاد دلایا جا رہا ہو کہ ہم اس ملک کے شہری نہیں بلکہ دشمن ہیں۔

‏انہوں نے مزید کہا کہ جب لوگوں نے پُرامن احتجاج کیا تو اُن پر ظلم ڈھایا گیا۔ اُن کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، خاندان کے افراد کو ہراساں کیا گیا، گرفتار کیا گیا۔ ریاست نے صرف ہماری آواز کو دبانے پر اکتفا نہیں کیا، بلکہ میڈیا اور اپنی پوری طاقت کے ساتھ ہمیں بدنام کرنے کی مہم شروع کی۔ ہمیں پُرامن مظاہرین کی بجائے ایک خطرہ، مسلح گروہ کے طور پر پیش کیا گیا۔ اُس وقت بھی یہ جھوٹ تھا، آج بھی جھوٹ ہے۔ ہم کل بھی پُرامن تھے، آج بھی ہیں۔ لیکن آخر کب تک ہم برداشت کریں گے جب ہر طرف سے صرف جبر، تحقیر اور زیادتی ہی ہمارا مقدر بنا دی جائے؟

‏نادیہ بلوچ نے کہا کہ یہ صرف بنیادی حقوق کی لڑائی نہیں، یہ ایک ذاتی زخم ہے۔ ایک خاندان کی، ایک بہن کی، ایک ایسی عورت کی جو پہلے ہی اپنے والد کا سایہ کھو چکی ہے۔ میں وہ درد جانتی ہوں جو دل میں ایک خالی پن چھوڑ جاتا ہے۔ اور اب، میری بہن میری روشنی، میری طاقت، میری صبر اور ہمدردی کی استاد زندان میں ہے۔ میں یہ تکلیف اس وقار کے ساتھ سہہ رہی ہوں جو اُس نے مجھے سکھایا لیکن ہر کوئی اتنا مضبوط نہیں ہوتا۔ اگر ریاست کا یہی رویہ رہا تو کتنے اور لوگ صبر کی اس آخری لکیر سے آگے نہ نکل جائیں گے؟

‏انہوں نے کہا کہ ہم کوئی مجرم نہیں ہم پُرامن لوگ ہیں جو باوقار زندگی کے حق کے لیے کھڑے ہیں۔ چاہے آپ جتنے چاہیں ہمیں قید کریں، ہم خاموش نہیں ہوں گے۔

مدیر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

پرامن سیاسی آوازوں کو جیل میں ڈال کر ریاست واضح پیغام دے رہی ہے کہ یہاں حق کی جگہ جبر کو ترجیح حاصل ہے۔ سمی دین

پیر اپریل 21 , 2025
بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنما سمی دین بلوچ نے کہا ہے کہ ‏ آج ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بیبو بلوچ کی غیرقانونی حراست کو 3MPO کے تحت مزید تیس دن کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے اہلِ خانہ اور ساتھیوں […]

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ