
گوادر میں سرگرم معروف صحافی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم “گوادر ءِ توار” کے ایڈمن جاوید ایم بی کو جان سے مارنے کی سنگین دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ یہ دھمکیاں انہیں گزشتہ شب واٹس ایپ کے ذریعے دی گئیں۔
صحافی عین قادر نے سوشل میڈیا پر دھمکی آمیز پیغام کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے واقعے کی اطلاع دی۔ ان کے مطابق جاوید ایم بی کو پہلے ایک مختصر پیغام موصول ہوا جس کے فوراً بعد ایک کال آئی، جس میں انہیں ایک مخصوص خبر کی اشاعت پر سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکی دی گئی۔ کالر نے انہیں “کفن کی تیاری” کا عندیہ دیتے ہوئے واضح طور پر جان سے مارنے کی دھمکی دی۔
میڈیا سے گفتگو میں جاوید ایم بی نے دھمکیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عرصے سے دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، اور انہیں مخصوص خبروں کی اشاعت سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی دھمکیاں صحافت، آزادی اظہار اور بنیادی انسانی حقوق پر حملہ ہیں۔
مقامی صحافیوں اور شہری حلقوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔