
بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) کے سیکریٹری جنرل دلمراد بلوچ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ شال میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن اور وحشیانہ تشدد میں پاکستان کی ریگولر آرمی کے کمانڈو دستے شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ ذرائع کے مطابق ان کمانڈوز کو پولیس کی وردی میں تشدد کی تمام حدیں پار کرنے کے احکامات دیے گئے تھے، جیسا کہ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے۔ـ
دل مراد بلوچ نے کہا کہ گوکہ پولیس بھی قابض ریاست کا ادارہ یا قبضہ گیریت برقرار رکھنے کا آلہ ہے لیکن مقامی ہونے کی وجہ سے شاید انہوں نے آج کے وحشیانہ عمل میں شریک ہونے سے معذوری ظاہر کی ہو (اگرچہ اعلانیہ نہیں۔) یہ عمل پاکستانی ریاست کی فسطائی و استعماری ذہنیت عیاں کرتا ہے ـ پاکستانی ریاست بلوچ کے خلاف کثیرالجہتی منصوبے کے تحت جنگ لڑ رہی ہے یعنی وردی بدل کر، شناخت چھپا کر ـ یہ سب کوششیں جوابدہی سے بچنے کے لیے ہیں ، لیکن قابض پاکستان کا ہر ہر عمل تاریخ کے صفحات میں درج ہو رہا ہے جس کا محاسبہ تاریخ کی عدالت میں یقینی ہے ۔