
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) – حب ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمین کے امیدوار فیض محمد زہری کو کراچی کے شاہ لطیف تھانے کی حدود سے نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا، جن میں سے کچھ پولیس وردی میں ملبوس تھے۔
مغوی کے بیٹے مزمل زہری نے تھانہ شاہ لطیف میں درخواست جمع کرائی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ میرے والد کو پولیس وردی میں ملبوس افراد نے اغوا کیا ہے۔ ان کے مطابق، فیض محمد زہری بھوتانی گروپ کے امیدوار ہیں، جبکہ ان کے مخالفین میں پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے امیدوار شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق، فیض محمد زہری کے گھر کے باہر کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے، جس میں پولیس موبائل اور سول گاڑیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی درخواست موصول ہونے کے بعد جائے وقوعہ کا معائنہ کیا گیا ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔