
بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت (پیدارک) میں پاکستانی فوج کے تشکیل کردہ ڈیتھ اسکواڈ کے کارندوں نے ایک معمر شخص کو چاقو کے وار سے شدید زخمی کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، 24 فروری کی صبح تقریباً پانچ بجے ڈیتھ اسکواڈ کے سربراہ میران عزیز نے پھلان نیک بخت نامی ضعیف العمر شخص پر اس وقت چاقو اور لاٹھیوں سے حملہ کیا جب وہ اپنے باغات کی طرف جا رہے تھے۔ بعدازاں زخمی شخص کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
مزید اطلاعات کے مطابق، مذکورہ معمر شخص کو پانچ دن قبل بھی ڈیتھ اسکواڈ کے کارندوں نے لاٹھیوں سے تشدد کا نشانہ بنا کر بے عزت کیا تھا، جبکہ گزشتہ روز انہیں چاقو کے وار سے شدید زخمی کیا گیا۔
یاد رہے کہ پھلان نیک بخت اور ان کے خاندان کو مسلسل ڈیتھ اسکواڈ کے تشدد کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ، ان کے نواسے کو بھی پاکستانی فورسز نے جبری طور پر لاپتہ کر رکھا ہے، جو تاحال لاپتہ ہے۔