شال ( پریس ریلیز ) بلوچستان قلات اسٹوڈنٹس فورم کے ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سریاب میں قائم تاریخی لوڑ کاریز لائبریری کی بندش کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اسے علم دشمنی کی بدترین مثال قرار دیتے ہیں۔ بلوچستان میں پہلے ہی تعلیمی مواقع محدود ہیں، اور جو چند ادارے علم و شعور کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، انہیں بھی ریاستی جبر اور سازشوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہاہے کہ سریاب، جو کوئٹہ کی قدیم اور گنجان آباد بستیوں میں سے ایک ہے، گزشتہ سات دہائیوں سے ترقی کے بجائے تباہی کی راہ پر ڈال دیا گیا ہے۔ منشیات، چوری، ڈاکہ زنی اور دیگر سماجی برائیوں نے یہاں کے نوجوانوں کو اندھیروں میں دھکیل دیا تھا، مگر انہی نوجوانوں نے اجتماعی جدوجہد کے ذریعے روشنی کی ایک کرن پیدا کی— لوڑ کاریز پبلک لائبریری۔ یہ وہی جگہ تھی جہاں ریاستی سرپرستی میں سماجی برائیوں کو پنپنے کا موقع دیا گیا، لیکن نوجوانوں نے ہمت دکھائی اور اسے کتابوں کے مرکز میں تبدیل کر دیا۔ آج، یہ لائبریری سینکڑوں طلبہ کے لیے تعلیمی سرگرمیوں کا واحد سہارا بنی ہوئی ہے۔
مگر افسوس کہ وہی عناصر جو بلوچ عوام کی زمینوں پر قبضہ کر چکے ہیں، اب اس تعلیمی مرکز کو بھی ختم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ ہسپتال کی بحالی کے نام پر لائبریری کو بند کرنے کی کوشش محض ایک بہانہ ہے، حالانکہ عوام ہسپتال کے لیے متبادل جگہ فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حکومت کے پاس زمین کی کوئی کمی نہیں، مگر وہ دانستہ طور پر اس لائبریری کو نشانہ بنا رہی ہے۔
قلات اسٹوڈنٹس فورم واضح کرتا ہے کہ لائبریریوں کی بندش علم دشمنی ہے، اور کسی بھی صورت میں اسے قبول نہیں کیا جائے گا۔ لائبریریاں کسی بھی قوم کے شعور اور فکری ترقی کا مرکز ہوتی ہیں، جہاں کتاب سے محبت پیدا کی جاتی ہے، جہاں نوجوان منشیات اور دیگر سماجی برائیوں سے بچ کر تعلیمی سرگرمیوں میں مشغول رہتے ہیں۔ بلوچستان میں پہلے ہی تعلیمی بحران شدت اختیار کر چکا ہے، اور اب جو چند ادارے نوجوانوں کو علم کی روشنی فراہم کر رہے ہیں، انہیں بند کرنا ایک گھناؤنی سازش ہے۔
ترجمان نے کہاہے کہ قلات اسٹوڈنٹس فورم لائبریری کی بندش کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرے گا اور اس جدوجہد میں سریاب کے عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
انھوں نے مزید کہاہے کہ ہم حکومت کو واضح طور پر بتا دینا چاہتے ہیں کہ اگر علم دشمن پالیسیوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا، تو طلبہ اور عوام بھرپور مزاحمت کریں گے۔ قلات اسٹوڈنٹس فورم علم کے ہر چراغ کو جلائے رکھنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا اور کسی بھی تعلیمی ادارے کو ختم کرنے کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دے گا۔
ترجمان کے ایس ایف نے آخر میں کہاہے کہ ہم علم دشمن پالیسیوں کو مسترد کرتے ہیں اور لوڑ کاریز لائبریری کے دفاع کے لیے ہر محاذ پر آواز بلند کریں گے۔