بھارت کی وزارتِ خارجہ نے پیر کے روز افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں پاکستان کے حالیہ فضائی حملوں کی سخت مذمت کی، جن میں خواتین اور بچوں سمیت 46 افراد جان سے گئے۔ وزارت نے کہا کہ یہ پاکستان کی دیرینہ روایت ہے کہ وہ اپنی داخلی ناکامیوں کا الزام پڑوسی ممالک پر ڈال دیتا ہے۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان، رندھیر جیسوال، نے پکتیکا کے ضلع برمل میں پاکستان کے فضائی حملوں کے حوالے سے میڈیا کے سوالات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
جیسوال نے کہا ہم نے میڈیا رپورٹس کے ذریعے خواتین اور بچوں سمیت افغان شہریوں پر فضائی حملوں کا نوٹس لیا ہے۔ ہم معصوم شہریوں پر کسی بھی قسم کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی داخلی ناکامیوں کا ملبہ پڑوسیوں پر ڈالنے کی پرانی روش پر عمل پیرا ہے۔
24 دسمبر کی شب پکتیکا کے ضلع برمل میں پاکستان کے فضائی حملوں میں کم از کم 46 افراد، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل تھے، ہلاک ہوئے۔
بھارتی اخبار ’’ ٹائمز آف انڈیا ‘‘ نے رپورٹ کیا کہ پاکستان کے ان فضائی حملوں نے سات دیہاتوں کو نشانہ بنایا، جن میں خاص طور پر لامان گاؤں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا۔ ان حملوں میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد بھی مارے گئے۔