دشتیاری ( نامہ نگار ) شھرستان دشتیاری کے گاؤں گورگیج مچ میں زمین کے تنازعے پر فائرنگ کے نتیجے میں شریف ولد جمعہ نامی شخص ہلاک ہوگیا۔

مصدقہ اطلاعات کے مطابق آج ( بدھ ) صبح شھرستان دشتیاری کے گاؤں گورگیج مچ میں ایک زمین پر معمولی تنازعے کے نتیجے میں مبینہ طور پر ایک خاندان کی طرف سے فائرنگ کرکے اپنے ہی رشتہ دار کو قتل کردیا گیا۔
مقتول کی شناخت37 سالہ شریف ولد جمعہ کے نام سے ہوئی ہے جو گورگیج مچ کا ہی رہائشی ہے۔
واقعے سے باخبر ایک علاقہ مکین نے ہمارے نمائندے کو اس افسوسناک واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ’ وحید ولد تاج محمد ‘ نامی شخص اور اس کے بھائیوں نے ایک تنازعے میں مخالفین پر فائرنگ کی۔مبینہ قاتل کا خاندان ایک زمین سے مٹی نکال رہا تھا جس پر دوسرے فریق نے انھیں روک کر زمین پر اپنی ملکیت کا دعوی کیا۔ جس پر فریقین کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی ۔ مقتول شریف جو مذکورہ خاندان کا قریبی رشتہ دار تھا وہ تصفیہ کے لیے بیچ بچاؤ کر رہا تھا اور اس جھگڑے میں بنیادی فریق نہیں تھا۔
مزید تفصیلات کے مطابق جب فریقین گاؤں واپس آئے اور آپس میں اس معاملے پر تکرار کر رہے تھے کہ مبینہ طور پر وحید ولد تاج محمد نے اپنے گھر کی چھت سے فائرنگ کی اور ایک گولی مقتول شریف ولد جمعہ کے گردن کو لگی جسے بعد ازاں چابھار کے امام علی ہسپتال میں لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وفات کرگیا۔
ایک اور ذرائع نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے مزید کہا کہ مذکورہ خاندان ماضی میں بھی طاقت کی نمائش اور اپنے مخالفین پر حملوں کے حوالے سے جانا چاہتا ہے۔ مشرقی بلوچستان کے حالات سے ہجرت کرکے مغربی بلوچستان میں رہائش اختیار کرنے والے علی نامی ایک شخص کو بھی اسی خاندان کی طرف سے دھمکی آمیز رویے کے بعد قتل کیا گیا تھا۔ علی جس مکان میں کرایہ دار تھے ، اس کے مالک کا مذکورہ خاندان سے ایک زمین کا مسئلہ تھا جس پر مذکورہ گورگیج خاندان نے ’علی ‘ کو بھی فریق بنایا تھا اور سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی۔
تاہم آج کے واقعے میں قاتل اور مقتول قریبی رشتہ دار بتائے گئے ہیں۔
تاحال اس واقعے پر انتظامیہ کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا اور نہ ہی گرفتاریوں کی اطلاع ہے۔