
شال ( نامہ نگار ) بلوچ نیشنل موومنٹ بی این ایم کے سیکریٹری جنرل دل مراد بلوچ نے جاری بیان میں کہاہے کہ میں جانتا ہوں کہ آپ میں سے کسی نے صحافت کسی یونیورسٹی سے نہیں پڑھی ہے۔ آپ سند یافتہ صحافی نہیں ہیں لیکن آپ عام صحافی بھی نہیں۔ آپ بلوچ درد کے سمندر سے چند قطرے اٹھاتے ہیں، اسے خبر کی شکل دیتے ہیں اور بلوچ تک پہنچاتے ہیں۔ اس کے عوض میں یہ درد آپ کو گلے لگاتا ہے اور آپ کو توانائی دیتا ہے۔
آپ کام کرتے جائیں، غلطیاں کریں، ان سے سیکھیں۔ طنز اور تنقید برداشت کرتے رہیں۔ عصری فلاطون اور ارسطو کے زہر آلود الفاظ اور نشتر بھی سہہ بھی لیں لیکن اپنے کام میں مصروف رہیں کیونکہ آپ کا مقصد عظیم ہے اور آپ کی راہ خاص۔
انھوں نے کہاہے کہ یوٹیوب پر ایک لاکھ سبسکرائبرز دنیا کے لیے کچھ بھی نہ نہیں، بخدا کچھ بھی نہیں لیکن ہمارے لیے یہ بہت معنی رکھتا ہے۔ یہ اس راہ کی چھوٹی سی کامیابی ہے، یہاں رکنا نہیں۔ اب نظریں "ملین سبسکرائبرز” پر رکھیں اور۔۔۔۔اور آپ یہ کر سکتے ہیں کیونکہ آپ یہ سب "تن خواہ” کے لیے نہیں کر رہے، بلکہ "من خواہ” کے لیے کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہاہے کہ زرمبش کے ساتھیو، یہ آپ کی محنت کا ثمر ہے۔ آگے بڑھتے رہیں!