شال ( اسٹاف رپورٹر ) مشہور میسجنگ ایپ سگنل کے سرور میں خرابی کے نتیجے میں صارفین کو پیغامات کی ترسیل میں مشکلات کا سامنا ہے۔ گذشتہ ایک ہفتے سے اس صورتحال کا سامنا کرنے والے صارفین گذشتہ روز اس خرابی کی طرف متوجہ ہوئے۔
ایک سگنل صارف نے زرمبش نیوز کو بتایا کہ انھوں نے گذشتہ دنوں یہ نوٹ کیا کہ مذکورہ ایپ درست کام نہیں کر رہا ۔ جس پر اس نے اپنے ہی دو مختلف موبائل میں پیغامات ارسال کیں تو یہ واضح ہوا کہ انٹرنیٹ کنیکشن میں کوئی خرابی نہ ہونے کے باوجود پیغامات درست طور پر ارسال نہیں ہو رہے۔
سگنل سپورٹ کی طرف سے مذکورہ میسجنگ سروس کی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ ہمیں اس خرابی کے بارے میں معلوم ہے اور ہمارے انجینئرز اس کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بتایا جارہاہے کہ سگنل عموما ہفتہ وار اپ ڈیٹس جاری کرتے ہیں ، صارفین کو چاہیے کہ وہ بہتر سروس کے لیے ایپ کو بروقت اپ ڈیٹ کریں۔
واضح رہے کہ سگنل کو پیغام رسانی کا محفوظ ترین ایپ سمجھا جاتا ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں لاکھوں صارفین اسے استعمال کرتے ہیں جو واٹساپ جیسے ایپس کی پرائیویسی پالیسیوں پر اعتماد نہیں کرتے ۔
سگنل انتظامیہ دعوی کرتی ہے کہ وہ اس ایپ کو صارفین کے ڈونیشن کی بنیاد پر چلا رہے ہیں ۔ اس کی کمائی کے ذرائع میں اشتہارات شامل نہیں اور نہ ہی وہ ٹریکنک سوفٹ ویئر کے ذریعے صارفین کی معلومات اکھٹے کرتا ہے جیسا کہ دیگر میسجنگ سروسز کے بارے میں کہا جاتا ہے۔
اور یہ ایک میسجنگ ایپ کی طرف سے اب تک کی بہترین اور محفوظ ترین آفر ہے ۔
مفت پیغام رسانی کی سہولیات فراہم کرنے والا سب سے زیادہ معروف میسنجر ’ واٹساپ ‘ کو میٹا کمپنی چلا رہا ہے جو انسٹاگرام اور فیس بک بھی چلاتی ہے۔میٹا کمپنی دیگر سوشل میڈیا کمپنیز کی طرح اشتہارات کے ذریعے پیسے کماتی ہے۔ گوگل ، فیس بک اور دیگر بڑی کمپنیوں پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ اشتہارات حاصل کرنے اور پیسے کمانے کے لیے صارفین کی معلومات کو دیگر کمپنیوں کو فراہم کرتے ہیں جو ان سے صارفین کی رجحانات کو جان کر ان کی دلچسپیوں کے حوالے سے اشتہارات جاری کرتے ہیں۔
آج کی دنیا میں یہ مشہور مقولہ ہے کہ ’’ جب کوئی چیز مفت مل رہی ہے تو وہ ہرگز مفت نہیں۔‘‘ اس کا مطلب یہ ہے مذکورہ کمپنی آپ کے ڈیٹا کی قیمت پر آپ کو سروس فراہم کر رہی ہے جس کی بنیاد پر پوری ڈیجیٹل دنیا کھڑی ہے اور روزافروں ترقی کر رہی ہے۔