پنجگور میں پاکستانی فورسز پر مسلح افراد کا حملہ، خضدار میں حکومتی حمایت یافتہ شخص کے رہائش گاہ پر بم حملہ کیاگیا ۔
تفصیلات کے مطابق ضلع پنجگور میں نامعلوم افراد نے پاکستانی فوج کے کیمپ کو پروم کلگ کور کے مقام پر گذشتہ رات نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق حملے کے وقت دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں دیر تک علاقے میں سنیں گئیں۔ تاہم نقصانات کے حوالے سے حکام کا موقف ابتک سامنے نہیں آیا ہے۔
علاوہ ازیں خضدار شہر میں آج صبح یونس محمد شہی کے رہائش گاہ کو دستی بم حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ علاقائی ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کا تعلق سرکاری حمایت یافتہ مسلح جتھے یعنی ڈیتھ اسکواڈ سے ہے ۔
ادھر گوادر کے علاقے جیونی کوسر بازار ہائی اسکول میں چودہ اگست کی تیاری کے دوران دھماکہ ہوا، جبکہ دوسرا دھماکہ پسنی ببر شور اسکول میں چودہ اگست کی تیاریوں کے دوران ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد نام نام نہاد تقریب میں شریک افراد میں افراتفری پھیل گئی۔
اس کے علاوہ ذرائع جیوانی کے علاقے پانوان سے اطلاع ہے کہ کوسٹ گارڈ کیمپ کے قریب دو بم برآمد ہوئے ہیں۔ یہ بم 14 اگست کی تیاریوں کے دوران برآمد ہوئے ہیں۔
اس واقعے کے بعد قابض فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور بموں کو ناکارہ بنانے کی کوشش جاری ہے۔
گوادر میں ہونے والے مذکورہ حملوں کی ذمہ داری اب تک کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔