
جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کا احتجاجی کیمپ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 6424ویں روز بھی جاری رہا۔
مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کرکے صغیر احمد بلوچ، اقرار احمد بلوچ سمیت تمام لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا اور ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔
آج صغیر احمد بلوچ اور اقرار احمد بلوچ کے اہلِ خانہ نے مسلسل دوسرے روز احتجاجی کیمپ میں شرکت کرکے اپنے بھائیوں کی جبری گمشدگی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔
اس موقع پر نسیدہ بلوچ نے بتایا کہ ان کے بھائیوں کو 11 جون 2025 کو اورماڑہ چیک پوسٹ سے ملکی اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔ اہلِ خانہ اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے پرامن اور آئینی طریقے سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ وہ عدلیہ اور کمیشن سے رجوع کرنے کے ساتھ حکومت سے بھی رابطے میں ہیں، لیکن اس کے باوجود نہ ان کے بھائیوں کو بازیاب کیا گیا ہے اور نہ ہی ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وی بی ایم پی کے احتجاجی کیمپ میں احتجاج ریکارڈ کرانے کا مقصد اعلیٰ حکام کی توجہ اس سنگین مسئلے کی جانب مبذول کرانا اور ملکی قوانین کے تحت انصاف کا حصول ہے۔ اگر ان کے بھائیوں پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظرِ عام پر لاکر عدالت میں پیش کیا جائے اور قانونی چارہ جوئی کا حق دیا جائے، بصورتِ دیگر انہیں فوری طور پر رہا کرکے خاندان کو اس شدید ذہنی کرب اور اذیت سے نجات دلائی جائے۔
اس موقع پر وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے مطالبہ کیا کہ صغیر احمد بلوچ اور اقرار احمد بلوچ سمیت تمام لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے۔ جن افراد پر الزامات ہیں انہیں منظرِ عام پر لاکر عدالتوں میں پیش کیا جائے، جبکہ جبری گمشدگیوں اور جبری لاپتہ افراد کے ماورائے عدالت قتل کے سلسلے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔