
کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر مبینہ طور پر گھریلو تنازع کے دوران فائرنگ کے واقعے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتولین میں محمد یوسف بنگلزئی، ان کے بیٹے طاہر، آصف، پرویز اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ گزشتہ شب تقریباً 8 بجے پیش آیا جب مبینہ طور پر سگے ماموں نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی۔
اطلاعات کے مطابق واقعے کی وجہ زمین کا تنازع بتایا جا رہا ہے، تاہم پولیس کی جانب سے تاحال باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
واقعے کے بعد ورثاء اور اہل علاقہ نے لاشیں سریاب روڈ پر رکھ کر احتجاج شروع کردیا، جس کے باعث سریاب روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔
مظاہرین نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
