
بلوچستان میں پاکستانی فورسز نے مختلف واقعات میں اپنے دو اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے چار عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق ساحلی ضلع گوادر کے علاقے پسنی میں مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے کارروائی کی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں دو فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ اس کارروائی کے دوران چار عسکریت پسند بھی مارے گئے۔
تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
دوسری جانب ضلع دُکی کے علاقے تلاؤ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں نجی سکیورٹی کمپنی کے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ دکی پولیس کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے نصب بارودی سرنگ اس وقت پھٹی جب ایک موٹر سائیکل اس سے ٹکرا گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے اہلکار کوئلے کے ٹرکوں کو سکیورٹی فراہم کرنے پر مامور تھے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
