
کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پنجگور کا رہائشی ہلاک ہوگیا۔ مقتول کی شناخت سہیل شمبے زئی کے نام سے ہوئی ہے، جو مقبول شمبے زئی کے چھوٹے بھائی اور ضلع پنجگور کے رہائشی تھے۔
ذرائع کے مطابق مقتول کی میت کو کوئٹہ سے پنجگور منتقل کیا جا رہا ہے۔ نمازِ جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم حملہ آوروں اور واقعے کی وجوہات سے متعلق تاحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
دوسری جانب پنجگور میں سی پیک روڈ پر واقع کھجور فیکٹری کے قریب ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت جہانزیب ولد محمد علی، سکنہ عیسیٰ سورگ کے نام سے ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق لاش کو ضروری کارروائی کے لیے ضلعی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول کے جسم پر گولیوں کے متعدد نشانات پائے گئے ہیں۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانزیب کو تقریباً چار ماہ قبل نامعلوم مسلح افراد گاڑی میں اپنے ساتھ لے گئے تھے، جس کے بعد سے وہ لاپتہ تھے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ ضلع پنجگور میں کم از کم نو افراد کی لاشیں مختلف مقامات سے برآمد ہو چکی ہیں، جو پہلے جبری گمشدگی کا شکار ہوئے تھے۔
