پولیس کا ڈیرہ مراد جمالی میں بلوچستان کتاب کاروان کے کتب میلہ پر دھاوا اور کتابوں سے دشمنانہ رویہ ناقابلِ برداشت ہے۔ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں علم کا چراغ روشن کرنے اور تعلیم کو ہر شہر و گاؤں میں پہنچانے کی خاطر بلوچستان کتاب کاروان کے بینر تلے کتب میلوں کی مہم جاری ہے۔ آج ڈیرہ مراد جمالی میں کتب میلے کا دوسرا دن تھا؛ اسٹال پر طالب علموں اور اساتذہ سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور علم کے شوقین حضرات کتابوں کی خریداری میں مصروف تھے۔

ترجمان نے کہا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ بلوچستان پولیس نے غنڈہ گردی کرتے ہوئے کتب میلے پر چھاپہ مارا، علم پھیلانے والی کتابوں کو بندوق کے زور پر ضبط کیا اور طالب علموں کو گرفتار کر لیا۔ کتابیں بیچنے والے علم دوست طالب علموں کو اس طرح تشدد کا نشانہ بنا کر گرفتار کیا گیا جیسے وہ وہاں منشیات یا کوئی غیر قانونی اشیاء فروخت کر رہے ہوں، حالانکہ اسی شہر میں منشیات سرِعام فروخت ہوتی ہے۔
یہ کتابیں ملک کے رجسٹرڈ شدہ پبلشرز کی شائع کردہ ہیں جو ملک بھر کے کتب میلوں اور دکانوں پر آسانی سے دستیاب ہیں، مگر حیرت ہے کہ جب یہی کتابیں بلوچستان کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں آتی ہیں تو انہیں بندوق کے زور پر ضبط کر لیا جاتا ہے اور نوجوانوں کو تشدد کے ذریعے پابندِ سلاسل کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایک طرف تعلیم کا نعرہ لگاتے نہیں تھکتی تو دوسری جانب نوجوانوں کی علم دوستی سے اس قدر خوفزدہ ہے کہ ان کے ہاتھوں سے کتابیں چھینی جا رہی ہیں۔ اس سے یہی ثابت ہوتا ہے کہ مقتدر قوتیں نہیں چاہتیں کہ بلوچستان کے نوجوان پڑھ لکھ کر آگے بڑھیں، بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ ہم مزید پسماندہ رہیں تاکہ وہ کسی رکاوٹ کے بغیر ہم پر حکمرانی کر کے اپنے مفادات حاصل کر سکیں۔ مگر یہ کسی صورت ممکن نہیں کہ بلوچ نوجوان شعور و علم کے سفر سے دستبردار ہو جائیں، وہ اس علمی جدوجہد میں ڈٹ کر ہر جابرانہ رویے کا مقابلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ان تمام اقدامات کی سخت مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام ضبط شدہ کتابیں واپس کی جائیں اور گرفتار طالب علموں کو فی الفور رہا کیا جائے۔ حکومتِ بلوچستان اس کتاب دشمن عمل کا نوٹس لے کر اپنی آئینی ذمہ داری نبھائے۔

مدیر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ