شہید ڈاکٹر منان بلوچ اور ساتھیوں کو خراج پیش کرتے ہیں۔ بی این ایم

بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ پارٹی اپنے عظیم رہنما، سابق مرکزی سیکریٹری جنرل شہید ڈاکٹر منان بلوچ اور ان کے ساتھی شہدائے مستونگ بابو نوروز، اشرف بلوچ، حنیف بلوچ اور ساجد بلوچ کو ان کی برسی کے موقع پر عقیدت، احترام اور عہدِ وفا کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

ڈاکٹر منان بلوچ کی زندگی اور شہادت بلوچ قومی جدوجہد کے اس روشن باب کی نمائندگی کرتی ہے جس میں قوموں کی آزادی کے لیے کردار، قربانی اور صداقت کو معیارِ حیات سمجھا جاتا ہے۔ وہ محض ایک فرد نہیں تھے، وہ ایک فکر، ایک سمت اور جدوجہد کے عظیم باب تھے اور اسی فکر کے تسلسل نے آج بی این ایم کو میدانِ سیاست اور مزاحمت میں ثابت قدم رکھا ہوا ہے۔

بی این ایم واضح طور پر یہ یقین رکھتی ہے کہ شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جاتی۔ ڈاکٹر منان بلوچ اور ان کے ساتھی شہداء کا لہو ہماری قومی تاریخ کا وہ چراغ ہے جو غلامی کی تاریکیوں میں ہمیں راستہ دکھاتا ہے۔

ہم یہ عہد دہراتے ہیں کہ ڈاکٹرمنان بلوچ اور ساتھیوں کی قربانی کا ثمر ہمیں آزادی کی صورت میں ضرور ملے گا اور منزل کی حصول تک ان کے لہو کی روشنی ہماری رہنمائی کرتی رہے گی۔ ہماری جدوجہد وقتی ردِعمل نہیں، ایک طویل، اصولی اور نظریاتی سفر ہے، جس کی اساس شہداء کے خواب، قربانی اور قوم کی اجتماعی امید ہے۔

اس موقع پر بی این ایم اپنے تمام زونز اور چیپٹرز کو تاکید کرتی ہے کہ وہ شہید ڈاکٹر منان بلوچ اور ان کے ساتھی شہداء کی یاد میں یادگاری پروگرام منعقد کریں۔ ان پروگراموں میں شہداء کے سیاسی و فکری کردار، ان کی جدوجہد کے مقاصد اور آزادی کی منزل تک بی این ایم کی ذمہ داریوں کو اجاگر کیا جائے۔

ترجمان نے آخر میں کہا کہ پارٹی اپنے تمام کارکنان اور بلوچ قوم سے اپیل کرتی ہے کہ وہ شہید ڈاکٹر منان بلوچ اور ان کے رفقاء کے مشن کو اپنی اجتماعی ذمہ داری سمجھیں۔ شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم اپنے نظریے، پارٹی اور جدوجہد کو مزید مضبوط بنائیں۔

مدیر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ