
کراچی شہرِ قائد سے پاکستانی فورسز نے ایک شخص کو جبری طور پر لاپتہ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق زاہد بارکزئی نامی شخص کو 27 جنوری 2026 کو رات تقریباً دو سے ڈھائی بجے کے درمیان سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے گھر سے حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کر دیا۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ کارروائی میں شامل افراد نے خود کو خفیہ اداروں اور فورسز کا اہلکار ظاہر کیا، تاہم گرفتاری کے وقت کوئی وارنٹ پیش نہیں کیا گیا اور نہ ہی زاہد بارکزئی کے حوالے سے کوئی قانونی وضاحت دی گئی۔
متاثرہ خاندان نے کہا ہے کہ زاہد بارکزئی بے گناہ ہے اور اس کے خلاف کسی قسم کا مقدمہ درج نہیں۔ اہلخانہ نے ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ زاہد بارکزئی کو فوری طور پر بحفاظت بازیاب کر کے منظرِ عام پر لایا جائے اور اسے قانونی چارہ جوئی کا حق دیا جائے۔
خاندان کا کہنا ہے کہ زاہد کی جبری گمشدگی نے انہیں شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے اور اگر وہ کسی مقدمے میں مطلوب ہے تو قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے۔
