کوئٹہ: سخت سردی اور برفباری میں بھی وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ 6060ویں روز جاری

کوئٹہ میں شدید سردی اور برفباری کے باوجود بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیر اہتمام احتجاجی کیمپ پیر کے روز 6060ویں دن بھی جاری رہا۔ احتجاجی کیمپ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے تنظیم کے چیئرمین نصراللہ بلوچ کی قیادت میں لگایا گیا ہے۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ تنظیم گزشتہ 16 برسوں سے پرامن اور آئینی دائرے میں رہتے ہوئے جبری گمشدگیوں کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کا مطالبہ ہے کہ پاکستان بالخصوص بلوچستان میں جبری گمشدگیوں اور ماورائے قانون اقدامات کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور تمام لاپتہ افراد کو منظر عام پر لا کر انہیں قانونی حقوق فراہم کیے جائیں۔

نصراللہ بلوچ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 16 سال کے دوران تنظیم نے انصاف کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے دروازے کھٹکھٹائے اور مختلف وفاقی و صوبائی حکومتوں سے متعدد ملاقاتیں کیں، تاہم ہر بار یقین دہانیوں کے باوجود عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملکی سلامتی کو جواز بنا کر ادارے قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہے ہیں اور جبری گمشدگیوں میں تیزی آ چکی ہے۔ ان کے مطابق اب بلوچ خواتین کو بھی جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو ایک غیر جمہوری عمل اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نے حکومت اور ملکی اداروں کے سربراہوں سے مطالبہ کیا کہ جبری گمشدگیوں کے مسئلے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیکھا جائے، کیونکہ ایک فرد کی گمشدگی پورے خاندان کو ذہنی اذیت اور کرب میں مبتلا کر دیتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سنگین انسانی مسئلے کے حل کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔

مدیر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

شکار پور میں جعفر ایکسپریس پر دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں - بی آر جی

پیر جنوری 26 , 2026
بلوچ ریپبلکن گارڈز کے ترجمان دوستین بلوچ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سرمچاروں نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین کو شکار پور اور جیکب آباد کے درمیانی شہر سلطان کوٹ کے مقام پر آئی ای ڈی نصب کر کے ریموٹ کنٹرول دھماکے میں نشانہ […]

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ