
بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے اورناچ میں گزشتہ روز پاکستانی فورسز کی جانب سے کی گئی ایک کارروائی کے دوران خواتین اور بچوں پر تشدد اور دو افراد کی مبینہ جبری گمشدگی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
مقامی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق یہ چھاپہ پاکستانی فورسز نے ڈیتھ اسکواڈ کے ہمراہ مارا، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران گھروں میں موجود خواتین اور بچوں نے گرفتاری کی کوششوں پر مزاحمت کی، جس کے بعد فورسز نے خواتین اور کم عمر بچوں کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔
مقامی افراد کے مطابق تشدد کے نتیجے میں متعدد خواتین زخمی ہوئیں جبکہ بچوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران گھروں میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اس کارروائی کے دوران دو افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، جن کے بعد سے ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ لاپتہ کیے گئے افراد کی شناخت یاسین ولد بہرام اور یوسف ولد محمد کریم کے ناموں سے ہوئی ہے۔ اہل خانہ نے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
