
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک چینی ریستوران میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری داعش کی شاخ آئی ایس کے پی (ISIS-K) نے قبول کر لی ہے۔
داعش سے منسلک خبر رساں ایجنسی ’’اعماق‘‘ کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس حملے میں چینی شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ گروپ کی جانب سے مبینہ حملہ آور کی تصویر بھی جاری کی گئی ہے۔
اعماق کے مطابق حملہ آور دھماکہ خیز جیکٹ کے ذریعے کارروائی کرنے سے قبل کچھ دیر تک ریستوران کے اندر موجود رہا۔ تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
یاد رہے کہ اس دھماکے کے نتیجے میں ایک چینی شہری سمیت کم از کم سات افراد ہلاک جبکہ بیس کے قریب افراد زخمی ہوئے تھے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
