
بلوچستان کے علاقے تمپ گومازی میں حالیہ دنوں پاکستانی فوج پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستانی فورسز اور مقامی ڈیتھ اسکواڈ کی جانب سے مبینہ طور پر مقامی آبادی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ علاقائی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات متعدد گھروں پر چھاپے مارے گئے، جن کے دوران خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا گیا جبکہ موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان ضبط کر لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محروم پھلان نامی شخص کے گھر پر رات گئے چھاپہ مارا گیا، جہاں خواتین اور بچوں کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کیا گیا اور ان کے زیرِ استعمال موبائل فونز سمیت دیگر قیمتی اشیاء اپنے ساتھ لے جائی گئیں۔
تاہم تاحال کسی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل گومازی میں پاکستانی فوج کو ایک مہلک حملے کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس میں اطلاعات کے مطابق 9 اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد سے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے گھروں پر چھاپوں اور خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
