
بلوچستان کے ساحلی شہر جیونی کے علاقے میں پاکستانی فوج کی جانب سے کارروائی کے دوران دو افراد کو حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق لاپتہ افراد کی شناخت منیر بلوچ ولد جامل اور عارف بلوچ ولد لزوک کے نام سے ہوئی ہے، جو جیونی کے نواحی گاؤں پانوان کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز نے دونوں افراد کو ان کے گھروں سے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، جس کے بعد ان کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں علاقے میں متعدد چھاپوں کے دوران کئی افراد کو حراست میں لیا گیا، جن میں سے بعض افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ متاثرہ خاندانوں نے اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب کیچ کے علاقے آبسر کے آسکانی بازار کے رہائشی پرویز احمد ولد سفر تین ماہ بعد بحفاظت بازیاب ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پرویز احمد کو پاکستانی فوج نے حراست کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا تھا، تاہم منگل 13 جنوری کو انہیں بحفاظت ڈپٹی کمشنر کیچ کے دفتر پہنچا دیا گیا۔
