کوئٹہ: عبدالرحمن مری کی جبری گمشدگی کو گیارہ سال مکمل، اہلِ خانہ کا بازیابی کا مطالبہ

عبدالرحمن مری ولد محمد بخش کی جبری گمشدگی کو گیارہ (11) سال مکمل ہونے کو ہیں، تاہم آج تک ان کے بارے میں کوئی مصدقہ اطلاع سامنے نہیں آ سکی۔ اہلِ خانہ کے مطابق عبدالرحمن مری کو 13 جنوری 2015 کو صبح تقریباً 9 بجے ہزار گنجی مری کیمپ سے حراست میں لیا گیا۔

خاندان کا کہنا ہے کہ عبدالرحمن مری کو ابتدائی طور پر ایک دن کے لیے سریاب تھانہ میں رکھا گیا، جہاں بعد ازاں ذاتی مچلکہ پر رہا کر دیا گیا۔ تاہم رہائی کے اگلے روز انہیں دوبارہ تفتیش کے لیے فون کال کے ذریعے بلایا گیا۔ جب وہ تفتیش کی غرض سے دوبارہ سریاب تھانے پہنچے تو انہیں مزید دو دن تک حراست میں رکھا گیا، جس کے بعد وہ اسی تھانے سے لاپتہ ہو گئے۔

اہلِ خانہ کے مطابق اس کے بعد سے آج تک عبدالرحمن مری کے حوالے سے نہ کوئی اطلاع دی گئی ہے اور نہ ہی ان کی خیریت یا موجودگی سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔ خاندان کا کہنا ہے کہ اگر عبدالرحمن مری پر کوئی الزام تھا تو انہیں آئین اور قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے تھا، نہ کہ اس طرح جبری طور پر لاپتہ کیا جاتا۔

گزشتہ گیارہ برسوں سے اہلِ خانہ شدید ذہنی اور نفسیاتی اذیت کا سامنا کر رہے ہیں اور ہر دروازہ کھٹکھٹانے کے باوجود انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔ لواحقین نے میڈیا کے ذریعے حکومت اور ریاستی اداروں سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ عبدالرحمن مری کو فوری طور پر منظرِ عام پر لایا جائے اور اگر ان پر کوئی الزام ہے تو شفاف عدالتی کارروائی کے ذریعے اس کا فیصلہ کیا جائے۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ صرف ایک فرد یا ایک خاندان تک محدود نہیں بلکہ ایک سنگین انسانی اور آئینی مسئلہ ہے، جس کا حل انصاف اور قانون کی بالادستی میں ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عبدالرحمن مری کی فوری بازیابی عمل میں لائی جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔

مدیر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز ( وی بی ایم پی ) کا احتجاج آج بروز اتوار 6044ویں روز میں داخل

اتوار جنوری 11 , 2026
بلوچستان میں ‏جبری گمشدگیوں کےخلاف وی بی ایم پی کے زیر اہتمام قائم احتجاجی کیمپ کو تنظیم کے چیرمین نصراللہ بلوچ کی قیادت میں کوئٹہ پریس کلب کےسامنے 6044 دن مکمل ہوگئے۔ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا، اور لاپتہ افراد کے […]

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ