
کوئٹہ: وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ کی یاد میں 15 جنوری کو کوئٹہ پریس کلب میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد کیا جائے گا۔
یہ اعلان وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کیا۔ ان کے مطابق تعزیتی ریفرنس میں سیاسی جماعتوں، طلبہ تنظیموں، انسانی حقوق کے رہنماؤں، وکلاء اور صحافی برادری سمیت تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ تعزیتی ریفرنس میں ماما قدیر بلوچ کی طویل جدوجہد، قربانیوں اور جبری گمشدگیوں کے خلاف ان کے نمایاں کردار کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ مقررین ماما قدیر کی انسانی حقوق کے لیے خدمات اور بلوچ سماج میں ان کے اثرات پر روشنی ڈالیں گے۔
نصراللہ بلوچ کا کہنا تھا کہ ماما قدیر کی خدمات بلوچ سماج اور انسانی حقوق کی جدوجہد میں ایک نمایاں اور ناقابلِ فراموش باب کی حیثیت رکھتی ہیں۔ یہ تعزیتی ریفرنس نہ صرف ان کی یاد کو زندہ رکھنے بلکہ ان کے مشن کے تسلسل کے عزم کے اظہار کا بھی موقع ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ تعزیتی ریفرنس کوئٹہمیں منعقد ہوگا، جہاں مختلف شعبۂ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کریں گی۔
