
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دو واقعات میں ایک شخص فائرنگ سے ہلاک جبکہ کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھرنے سے ایک کانکن جان کی بازی ہار گیا۔
حب چوکی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق مقتول کا تعلق آواران کے علاقے جھاؤ سے بتایا جاتا ہے۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، بعد ازاں لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق قتل کی وجہ پرانا تنازع بتائی جا رہی ہے، تاہم پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اسی دوران حب چوکی کی پردوس کالونی سے ایک اور شخص کی لاش برآمد ہوئی، جسے پولیس نے تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا۔ بعد ازاں لاش کو شناخت کے لیے مردہ خانے میں جمع کرا دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس واقعے کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے دکی میں ایک کوئلہ کان کے اندر زہریلی گیس بھر جانے کے باعث دم گھٹنے سے ایک کانکن ہلاک جبکہ دوسرا بے ہوش ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کانکن معمول کے مطابق کان میں کام کر رہے تھے کہ اچانک زہریلی گیس بھر گئی۔ متاثرہ مزدوروں کو فوری طور پر کان سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک کانکن جانبر نہ ہو سکا۔
ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے کانکن کی شناخت محمد نظر ولد بلوچ خان خروٹی ساکن کلی عبداللہ، دکی کے نام سے ہوئی ہے۔
بے ہوش ہونے والے کانکن کی شناخت رفیع اللہ ولد محمد افضل کے نام سے ہوئی ہے، جسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
