
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بونڈی بیچ کے قریب ایک عوامی تقریب کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ ایک مذہبی تہوار کے موقع پر پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس اور ایمرجنسی سروسز نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں کم از کم ایک حملہ آور موقع پر مارا گیا جبکہ ایک اور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ زخمیوں میں عام شہریوں کے علاوہ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق فائرنگ کے محرکات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
آسٹریلوی وزیراعظم اور ریاستی حکام نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی ہے اور کہا ہے کہ عوام کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
