
انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) نے 10 دسمبر 2025 کو نیدرلینڈز میں احتجاجی ریلی کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ بی این ایم کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری کے مطابق ریلی کا مقصد بلوچستان میں مبینہ نسل کشی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام مکتبۂ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو اس مظاہرے میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے تاکہ بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کے خلاف مشترکہ آواز بلند کی جا سکے۔
اعلان کے مطابق احتجاجی ریلی دوپہر ایک بجے ڈن ہاگ سینٹرل سے شروع ہوگی اور تقریباً ڈھائی بجے ڈچ پارلیمنٹ کے سامنے اختتام پذیر ہوگی۔
بی این ایم کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں پاکستانی فورسز کی جانب سے ہونے والی انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی بین الاقوامی سطح پر نشاندہی اور اس کے خاتمے کے لیے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا ناگزیر ہے، اسی مقصد کے لیے یہ عالمی دن اہم موقع فراہم کرتا ہے۔
