
کیچ کے علاقے دشت کنچتی میں پاکستانی فورسز نے گھر پر چھاپے کے دوران حراست میں لیے گئے نوجوان کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات پاکستانی فورسز نے دشت کنچتی کے علاقے میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر اعجاز ولد دین محمد عرف دینل کو حراست میں لیا تھا۔ اہلِ خانہ کے مطابق آج دوپہر انہیں کیمپ بلوا کر اعجاز کو حوالے کیا گیا، تاہم اس دوران بچے کی حالت شدید تشویش ناک تھی۔ اس کے جسم پر شدید تشدد کے نشانات اور پاؤں میں شدید سوجن پائی گئی۔
اہلِ خانہ نے اعجاز کو فوری طور پر تربت کے اسپتال منتقل کیا، تاہم حالت بگڑنے پر اسے کراچی لے جانے کی کوشش کی گئی مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستانی فوج نے متعدد نوجوانوں کو حراست کے بعد شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک ہوئے۔ جبکہ کئی افراد کو دورانِ حراست گولی مار کر بھی قتل کیا جاچکا ہے۔
