
بلوچستان کے علاقے مچھ کے قریب گیس پائپ لائن تباہ کردی گئی ہے جبکہ پنجگور میں پاکستانی فورسز کے کیمپ کو مسلح افراد نے حملے میں نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے شکارپور جانے والی 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن مچھ کے قریب دھماکے سے تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں گیس کی فراہمی معطل ہو گئی۔
سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کا کہنا ہے کہ پائپ لائن کی مرمت تک گیس کی سپلائی بحال نہیں ہو سکے گی اور متاثرہ علاقوں میں بندش برقرار رہے گی۔
کمپنی کے مطابق سیکورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد مرمتی کام شروع کیا جائے گا جبکہ واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں تاکہ محرکات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے پنجگور میں رخشان پل کے مقام پر قائم پاکستانی فورسز کے کیمپ کو گزشتہ شب حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے کیمپ پر متعدد راکٹ فائر کیے اور دیگر بھاری ہتھیاروں سے بھی حملہ کیا۔
حملے کے بعد صبح کے وقت علاقے میں ہیلی کاپٹروں کی پروازیں دیکھی گئیں۔
ان حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
