
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دو الگ الگ واقعات میں دو افراد ہلاک جبکہ ایک نوجوان کو نامعلوم مسلح افراد نے جبری طور پر اغوا کرلیا۔
قلات کے علاقے سنگداس کے قریب قومی شاہراہ پر کار اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق کراچی سے کوئٹہ جانے والی تیز رفتار کار ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی، جس کے باعث موٹر سائیکل سوار عبدالقدوس اور کار ڈرائیور سجاد علی ولد محمد ادریس موقع پر جاں بحق ہوئے، جبکہ محمد اسماعیل اور محمد افضل زخمی ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں اور نعشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال قلات منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت سے نامعلوم مسلح افراد نے ایک نوجوان کو اغوا کے بعد جبری طور پر لاپتہ کردیا۔لاپتہ نوجوان کی شناخت ملا سلام ولد رحیم سکنہ دشت بلن کے نام سے ہوئی ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ شب تربت کے علاقے نوکباد میں پیش آیا، جہاں گاڑی سوار نامعلوم مسلح افراد نے ان کے گھر میں گھس کر بندوق کے زور پر انہیں اپنے ساتھ لے گئے، جس کے بعد ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ لواحقین نے ملا سلام کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اغوا کاروں کا تعلق مبینہ طور پر ریاستی ڈیتھ اسکواڈ سے ہے، جو حالیہ دنوں میں ضلع کیچ میں سرگرم ہیں اور متعدد نوجوانوں کے اغوا و قتل کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔
