
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مختلف واقعات میں چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سوراب کے علاقے چھڈ بودلا میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت نبی بخش کے نام سے ہوئی ہے۔
فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔
مقامی انتظامیہ نے لاش کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
دوسری جانب موسیٰ خیل میں لیویز فورس کو گورو کے مقام سے دو نامعلوم افراد کی لاشیں ملی ہیں۔
لیویز ذرائع کے مطابق لاشوں کو اسپتال منتقل کر کے شناخت کے لیے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے۔
اسی طرح آواران کے علاقے جھاؤ سے بھی ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق مقتول کی شناخت حمزہ ولد نور جان کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں پانچ روز قبل ضلع خضدار کے علاقے اورناچ سے پاکستانی فوج کے حمایت یافتہ مسلح گروہ نے اغوا کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ کو اغوا کے بعد پاکستانی فورسز کے حوالے کیا گیا تھا، جس کے بعد ان کی لاش گزشتہ روز جھاؤ سے برآمد ہوئی ہے۔
