
دالبندین: بلوچستان کے ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین سے تعلق رکھنے والی معروف گائناکالوجسٹ ڈاکٹر سمیرہ ایاز ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئیں۔
ذرائع کے مطابق حادثہ نوشکی کے قریب کیشنگی کے مقام پر پیش آیا، جب کوئٹہ سے دالبندین آنے والی ڈاکٹرز کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے میں ڈی ایچ کیو اسپتال دالبندین میں تعینات ڈاکٹر سمیرہ ایاز موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ ان کے ہمراہ سفر کرنے والے دو دیگر ڈاکٹر، جن میں آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر وسیم باری اور ان کی اہلیہ شامل ہیں، زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر سمیرہ ایاز، تحصیل چاغی کے قبائلی و سماجی رہنما محمد ایاز یاگیزئی کی صاحبزادی تھیں، جبکہ وہ محکمۂ تعلیم کے آفیسر حاجی شیر احمد بلوچ، حاجی عبدالنبی اور نذیر احمد کی بھانجی تھیں۔
دالبندین سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ڈاکٹر سمیرہ ایاز کی اچانک موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ عوامی اور طبی حلقوں نے مرحومہ کو ایک فرض شناس اور انسان دوست ڈاکٹر کے طور پر یاد کیا ہے۔
