
بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے علاقے میری میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے کی شناخت نجیب ولد ماسٹر یعقوب سکنہ میری کے طور پر ہوئی ہے، جو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق، واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک کرولا گاڑی میں سوار مسلح شخص نے نجیب پر فائرنگ کی اور فوری طور پر موقع سے فرار ہو گیا۔ قتل کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے ہیں۔
دوسری جانب، تمپ کے علاقے کونشقلات میں پاکستانی فوج نے گزشتہ رات گھروں پر چھاپے مارے، جس دوران دو نوجوانوں کو حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا۔ جبری لاپتہ کیے گئے نوجوانوں کی شناخت حارس ولد حاجی بابو اور مومن ولد ماما باہڈ کے طور پر ہوئی ہے۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ حراست میں لینے کے بعد ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی جا رہی، اور انہوں نے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

