
آج جمعہ کے روز مند میں بلوچ عوام نے ایک احتجاجی ریلی نکالی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ یہ ریلی 6 ستمبر کو ڈیتھ اسکواڈز کے ہاتھوں قتل ہونے والے اظہار بلوچ، ملا بہرام اور جلال بلوچ اور 12 ستمبر کو قتل کیے گئے الطاف بلوچ کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف منعقد کی گئی۔
شرکاء نے ریلی کے دوران ڈیتھ اسکواڈز کی سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ عوام پر مسلط کی جانے والی ریاستی پالیسیوں کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بلوچستان، خصوصاً مکران کے علاقے میں ڈیتھ اسکواڈز کو کھلی چھوٹ دے کر بلوچ نوجوانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ریلی کے اختتام پر شرکاء نے شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ بند کیا جائے اور بلوچ عوام کے خلاف مبینہ نسل کشی کو فوری طور پر روکا جائے۔