
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج بلوچ آزادی پسندوں نے مختلف مقامات پر فورسز کو حملوں میں نشانہ بنایا جبکہ شاہراہوں پر گھنٹوں تک ناکہ بندی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سبی کے علاقے میتھری میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا اور کافی دیر تک انہیں نشانہ بنایا۔ اسی طرح تربت شہر میں ناکہ بندی پر مامور اہلکاروں پر دستی بم سے حملہ کیا گیا، جس میں کم از کم دو اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ کے قریب مستونگ کے علاقے دشت میں بلوچ سرمچاروں نے شاہراہ پر ناکہ بندی جبکہ کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کو چیکنگ کرتے رہے جبکہ آج تربت میں بھی ناکہ بندی کے دوران لیویز اہلکاروں کو یرغمال بنائے جانے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔
واضح رہے کہ آج آواران کے علاقے جھاؤ میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز پر شدید حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
حکام کی جانب سے حملوں اور ہلاکتوں کی سرکاری طور پر تصدیق تاحال نہیں کی گئی۔ اور نہ ہی کسی تنظیم نے ان حملوں کی ذمہ داریاں قبول کی ہے۔