
بلوچستان کے ضلع کیچ میں جمعرات کی دوپہر کے وقت زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.8 ریکارڈ کی گئی، جبکہ زمین کی گہرائی 34 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے جھٹکوں کے باعث تربت اور مضافاتی علاقوں میں گھروں اور عمارتوں کی دیواریں لرز اٹھیں۔
عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے دوران زور دار دھماکے جیسی آوازیں بھی سنائی دیں، جس سے شہری مزید خوفزدہ ہو گئے۔ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے اور کھلے میدانوں میں جمع ہو گئے۔
تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، تاہم مقامی انتظامیہ صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔
یاد رہے کہ کیچ اور گرد و نواح کا علاقہ ماضی میں بھی زلزلہ خیز زون میں شمار کیا جاتا رہا ہے، جہاں وقتاً فوقتاً درمیانے درجے کے زلزلے آتے رہے ہیں۔