کیچ ( مانیٹرنگ ڈیسک ) بلوچ یکجہتی کمیٹی کی مرکزی کال پر نوجوانوں کی جبری گمشدگی اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف تربت میں شہید فدا چوک پر تین روزہ احتجاجی کیمپ قائم کیا گیا ہے جس میں لاپتہ افراد کے فیملی ممبران بھی شامل ہیں۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی رہنما شاہ جی صبغت اللہ نے دیگر ساتھیوں اور خواتین کارکنان کے ہمراہ گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں تین روزہ احتجاجی کیمپ اور آن لائن احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
احتجاجی کیمپ میں لاپتہ افراد کے اہل خانہ، بلوچ یکجہتی کمیٹی کے کارکنان اور عام لوگ شریک ہیں۔ بی وائی سی کے مطابق کیمپ کا مقصد بلوچستان بھر میں سیاسی کارکنوں کی ماورائے عدالت و آئین قتل اور جبری گمشدگیوں کو دنیا کے سامنے آشکار کرانا ہے۔ منتظمین کے مطابق احتجاجی کیمپ کل پیر اور پرسوں منگل کو بھی جاری رہے گا۔