تربت ڈنک کے رہائشی غلام رسول نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ جمعہ کے روزتربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ 29ستمبر کو مغرب کے وقت نامعلوم افراد گھر میں کپڑے سے بنے لفافہ پھینک کر فرارہوئے ، لفافہ کے اندر ایک گولی اور کفن کا ٹکڑا تھا جبکہ لفافہ کے دونوں جانب دھمکی کے الفاظ درج تھے ، جن میں لکھاگیا تھاکہ میں یہ علاقہ چھوڑ کر چلاجاؤں وگرنہ میرے بچوں کو ماردیں گے ۔
انہوں نے کہاکہ میری کسی سے کوئی مسئلہ یا دشمنی نہیں ہے مجھے سمجھ نہیں آتا کہ کس قصورکی بناءپر مجھے دھمکی آمیز لفافہ بھیجا گیا ہے اورکس نے بھیجا ہے ، میں ڈنک کے علاقہ میں کھانے پینے کاہوٹل چلاتا ہوں ۔
غلام رسول کی اہلیہ نے کہاکہ میرا شوہر اپنی محنت مزدوری کرتا ہے وہ کسی سے کوئی واستہ اور تعلق نہیں رکھتا ، ہمیں دھمکی دینے والے پہلے یہ بتائیں کہ میرے شوہر کا قصور کیا ہے ، ہمیں بچوں کو مارنے کی دھمکی بھیجنے سے ہم شدید تشویش اورپریشانی میں مبتلا ہیں اس لئے حکومت اس کانوٹس لے اور ان عناصر کوبے نقاب کرکے قانون کے کٹہرے میں لائے ۔