گوادر: بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں کہاہے کہ بلوچ راجی مُچی کا مرکزی دھرنا آج نویں روز گوادر میں جاری ہے، جس میں انٹرنیٹ، نیٹ ورک اور راستے بند ہونے کے باوجود ہزاروں افراد شریک ہیں۔
انھوں نے کہاہے کہ شال میں بلوچ راجی مُچی پر کریک ڈاؤن اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف شال میں دھرنا آٹھویں روز سے جاری ہے۔ آج دھرنے میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔
اس طرح پنجگور میں بلوچ راجی مُچی پر کریک ڈاؤن اور ریاستی بربریت کے خلاف پنجگور میں آج چوتھے روز بھی احتجاجی دھرنا جاری ہے۔
ترجمان نے کہاہے کہ نوشکی بلوچ راجی مُچی پر کریک ڈاؤن اور دو اگست کو نوشکی دھرنے پر فائرنگ (جس میں سنگت حمدان شہید اور دیگر ساتھی زخمی ہوئے) کے خلاف مین آر سی ڈی شاہراہ نوشکی پر آج تیسرے روز بھی دھرنا جاری ہے۔