تربت۔ آپسر کولوائی بازار سے لاپتہ کیے گئے حیات ولد جمعہ کی والدہ نے حیات جمعہ پر بدنام زمانہ کاؤنٹر ٹیرززم ڈیپارٹمنٹ سی ٹی ڈی کے لگائے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیٹا گھر میں سویا ہوا تھا جب انہیں گھر سے اسلح کے زور پر فورسز نے اغوا کرکے لاپتہ کیا اور پھر سی ٹی ڈی نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے ان پر بم رکھنے اور دیگر الزامات لگائے ہیں۔
انہوں نے کہا ہےکہ حیات جمعہ کئی دنوں سے ڈینگی بخار کے باعث گھر سے باہر نہیں نکلے تھے جس رات انہیں جبری گمشدہ کیا گیا اس رات بھی وہ بخار میں مبتلا تھے۔ حیات جمعہ کی والدہ نے عدلیہ سے حیات کے ساتھ ملاقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ خدشہ ہے کہ سی ٹی ڈی میرے بیٹے کے ساتھ بالاچ مولابخش جیسا کوئی انہونی نہ کریں اس لیے میں چاہتی ہوں کہ ان کے ساتھ میری ملاقات کرائی جائے تاکہ میں ان کی خیریت سے باخبر رہ سکوں۔
انہوں نے کہا ہےکہ میرے بیٹے کو سوتے ہوئے رات کی تاریکی میں لاپتہ کرنے کے بعد ان پر بے جا الزامات لگانا تشویش کا باعث ہے، میرا بیٹا ڈینگی کے سبب بیمار بھی ہے اس لیے مجھے ان کی صحت کے متعلق اور زیادہ خدشات ہیں۔
انہوں نے کمشنرمکران ڈویژن، ڈپٹی کمشنر کیچ اور عدلیہ سے مطالبہ کی ہے کہ وہ حیات جمعہ کی باحفاظت بازیابی و رہائی اور ان سے ملاقات کے لیے میرے ساتھ تعاون کریں۔