
بلوچستان کے ضلع کوہلو میں نامعلوم مسلح افراد نے 11 مزدوروں کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا۔
واقع ضلع کوہلو کے تحصیل جاندران کے علاقے ہوسڑی میں پیش آیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق قتل کیے گئے تمام افراد چمالنگ کول مائنز میں کام کرتے تھے۔
دستیاب معلومات کے مطابق ہلاک ہونے والے 11 مزدوروں میں سے دو کا تعلق مقامی علاقے سے بتایا جا رہا ہے۔ تاہم تمام ہلاک افراد کے حتمی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے۔
ایس پی کوہلو طیب اقبال کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔ مقتولین کی میتیں ڈی ایچ کیو اسپتال کوہلو منتقل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ایس پی کوہلو کے مطابق پولیس نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔
واقعے کے محرکات اورہلاکت میں ملوث ملزمان سے متعلق تاحال مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔