
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی تربت زون کی جانب سے 27 اکتوبر کو گرلز ڈگری کالج نوشکی کی طالبات پر نامعلوم افراد کے حملے اور انہیں زخمی کرنے کے واقعے کے خلاف جامعہ تربت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے احتجاجی نعروں پر مبنی پلے کارڈ اٹھاکر طالبات پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں نوشکی میں گرلز ڈگری کالج پر مسلح نقاب پوشوں نے حملہ کر کے اندر داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 3 طالبات شدید زخمی ہو گئیں، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔
کالج انتظامیہ کے مطابق تین مسلح نقاب پوش افراد کالج کی عمارت میں داخل ہوئے اور فائرنگ کرنے سے قبل پرنسپل کے دفتر کی توڑ پھوڑ کی اور سی سی ٹی وی کیمروں کو تباہ کر دیا۔
اس کے بعد حملہ آور نے طالبات پر براہِ راست فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہو گئے۔
