
اطلاعات کے مطابق خاران شہر کے وسط میں واقع ریڈ زون علاقے میں آئی ایس آئی کے دفتر پر مسلح افراد کی جانب سے راکٹ حملے کے بعد فورسز کی جانب سے براہ راست فائرنگ کے واقعے میں ایک کمسن راہگیر لڑکا زخمی ہوگیا، جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق آج مسلح افراد نے خاران شہر کے ریڈ زون علاقے میں واقع آئی ایس آئی کے دفتر کو راکٹوں سے نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد فورسز نے براہ راست فائرنگ شروع کر دی۔
ذرائع کے مطابق ایک شخص اپنے کمسن بیٹے کے ہمراہ موٹرسائیکل پر مین روڈ سے گزر رہا تھا کہ اسی دوران مبینہ طور پر فورسز کی جانب سے کی گئی براہِ راست فائرنگ کی زد میں آکر بچہ زخمی ہوگیا۔ زخمی بچے کی شناخت نعمان کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت کے پیشِ نظر اسے مزید علاج کے لیے کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔
مزید برآں، ذرائع نے الزام عائد کیا ہے کہ اسپتال میں موجود فورسز کے اہلکاروں نے بے ہوشی کی حالت میں بچے کو تھپڑ مارے تاکہ اسے ہوش میں لایا جاسکے۔
تاحال واقعے پر حکام کا باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
